تشدد کیس کے گرفتار ملزموں کیخلاف تفتیش کا دائرہ وسیع
اسلام آباد (ایوب ناصر‘ خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد پولیس نے لڑکے لڑکی کو برہنہ کرنے اور ان پر تشدد کے الزام میں گرفتار ملزموں عثمان مرزا، عطاء الرحمان، فرحان، مدارس بٹ اور دیگر کے خلاف تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا۔ ملزموں کے خلاف پہلے سے درج مقدمات کی تفصیلات بھی اکھٹی کی جا رہی ہیں،رات گئے تک ملنے والی معلومات کے مطابق ملزموں کے خلاف راولپنڈی میں تین اور اسلام آباد میں ایک مقدمہ کی تفصیل مل چکی ہے ،ملزموں کے خلاف تھا نہ وارث میں دو ،تھا نہ چونترہ میں ایک جبکہ تھا نہ سہالہ میں ایک مقدمہ درج ہے ،سینٹ داخلہ کمیٹی کے چیئر مین محسن عزیز نے بھی اس واقعہ پر از خود نوٹس لیتے ہو ئے آئی جی اسلام آباد سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ ملزموں کے بارے میں بتایا جاتا ہےکہ یہ لوگوں کو سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر رقوم حاصل کرتے ہیں اور دو چار قسطوں کی ادائیگی کے بعد آنکھیں دکھا کر خاموش رہنےپر مجبور کرتے ہیں۔ بظاہر پراپرٹی ڈیلر کہلاتے ہیں۔ ملزموں کی بدمعاشی کا نشانہ بننے والے نوجوان اسد اور اس کے ہمراہ موجود دوشیزہ کا زیر دفعہ 161 بیان بھی ملزموں کو عدالت سے سزا دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ذرائع کے مطابق رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والا جوڑا اپنے پر ظلم ڈھانے والے ملزموں کے خلاف عدالت میں کس حد تک اسٹینڈ لے گا،پولیس کہاں کھڑی ہو گی ،اس سے ہی مقدمے کی فعالیت اور استغا ثہ کے مضبوط ہونے کا پتہ چلے گا۔ جڑواں شہر کی پولیس نے روتے ہوئے منتیں کرنے والی خاتون کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس کی تلاش شروع کر دی ہے ایس ایچ او لوئی بھیر نے جنگ کو بتایا کہ خاتون کی شناخت کے لئے نادرا سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد سے مزید