X
جموں ایئربیس پر 2 دھماکے، بھارتی فضائیہ کا اڈہ دھماکوں سے گونج اٹھا، پروازیں معطل، 2 اہلکار زخمی، بھارت کا کشمیری مجاہدین پر الزام
جموں ایئربیس پر 2 دھماکے، بھارتی فضائیہ کا اڈہ دھماکوں سے گونج اٹھا
مقبوضہ جموں (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کے جموں ایئربیس پر2دھماکے ہوئے ، بھارتی فضائیہ کا اڈہ دھماکوں سے گونج اٹھا،واقعے کے بعد پروازیں معطل ہوگئیں جبکہ دھماکوں سے 2اہلکار زخمی ہوئے ہیں،بھارت نے کشمیری مجاہدین پر الزام لگایا ہے۔
ایئرفورس اسٹیشن پر اعلی سطح اجلاس کے دوران دھماکے پانچ منٹ کے فرق سے ہوئے، چھت کو نقصان پہنچا، پولیس نے گرفتار شخص سے پوچھ گچھ شروع کردی ۔
پولیس سربراہ کا کہنا ہےکہ جائے وقوع سے 5تا 6؍ کلو بارودی مواد ملا، شبہ ہے کہ یہ ایئرفیلڈ میں ڈرون کے ذریعے گرایا گیا، پرہجوم مقام پر نصب کیا گیا بارودی مواد بھی ناکارہ بنادیا گیا، جموں میں ہائی الرٹ ، بھارتی فوج نے علاقہ سیل کردیا۔ ادھر سرینگر میں دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے ، سوپور میں نامعلوم افراد نے پولیس پارٹی پر پٹرول بم سے حملہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح بھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیرمیں جموں کے فضائی اڈے پر دو ڈرون حملےکئے گئے، انتہائی سکیورٹی والے بھارتی فضائیہ کے سٹیشن پر پانچ منٹ کے فرق سے دو دھماکے ہوئے، پولیس سربراہ کے مطابق جائے وقوعہ سے 5 تا 6 کلو بارودی موادملا، شبہ ہے کہ یہ ایئرفیلڈ میں ڈرون کے ذریعے گرایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے دھماکوں کے بعد پورے جموں خطے میں ہائی الرٹ جاری کردیا ، دھماکے پانچ منٹ کے فرق سے صبح پونے دوبجے ہوئے، ائیرفورس سٹیشن پر اعلی سطحی اجلاس جاری تھا،بھارتی فوج نے علاقہ سیل کردیا،حکام نے پرہجوم مقام پر بھی نصب کیا گیا بارودی مواد ناکارہ بنادیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ لشکر طیبہ حملوں میں ملوث ہے،سری نگر کے علاقے بربر شاہ میں دستی بم کے حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے ، بارہمولہ کے قصبے سوپور میں نامعلوم افراد نے ایک پولیس پارٹی پر پٹرول بم سے حملہ کیا،کشمیری عوام نے وادیمیں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے بتایا کہ دھماکے صبح پونے دوبجے کے قریب ہوئے جس سے پورا جموں گونج اٹھا۔ پہلے دھماکے سے عمارت کی چھت اڑ گئی اور دوسرا دھماکہ زمین پر ہوا۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق دھماکے کے وقت ائیرفورس سٹیشن پر اعلی سطحی اجلاس جاری تھا جس میں اعلیٰ پولیس اور بھارتی فضائیہ کے حکام موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید